کھیل

وینس ولیمز کو شکست،سرینا آسٹریلین اوپن کی چمپیئن

سرینا ولیمز کیریئر کے ریکارڈ 23 ویں ٹائٹل کے ساتھ ہی عالمی درجہ بندی میں ایک مرتبہ پھر سرفہرست آگئیں۔

سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن 2017 کے خواتین کے فائنل میں سرینا ولیمز نے اپنی بہن وینس ولیمز کو شکست دے کر 23 واں گرینڈ سلِم ٹائٹل حاصل کیا جبکہ اعزازات کی دوڑ میں جرمنی کی سابق اسٹار اسٹیفی گراف کا ریکارڈ بھی توڑدیا۔

رپورٹس کے مطابق 35 سالہ امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے گذشتہ سال ومبلڈن میں فتح حاصل کرکے اسٹیفنی گراف کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔

اب سرینا ولیمز 24 سنگل گرینڈ سلیم جیتنے والی آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ کورٹ سے ایک قدم پیچھے ہیں، جو سرینا کی اس جیت کے وقت پریزیڈنٹ باکس میں موجود تھیں۔

مزید پڑھیں: پرانے حریف نڈال،فیڈرر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں

اس کامیابی کے ساتھ سرینا ایک بار پھر عالمی نمبر ایک کھلاڑی کا مقام حاصل کرچکی ہیں جو انہوں نے گذشتہ برس ستمبر میں کھودیا تھا۔

اس کامیابی میں سرینا کی حریف ان کی بہن 36 سالہ وینس ولیمز تھیں، جنہیں انہوں نے 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

جیت کے بعد سرینا کا کہنا تھا کہ وہ اس موقع پر ’اپنی بہن وینس کو مبارکباد دینا چاہتی ہیں، جو ایک بہت زبردست انسان ہے اور وینس کے بغیر وہ 23واں ٹائٹل حاصل نہیں کرسکتی تھیں‘۔

سرینا ولیمز کے مطابق وینس ان کی کامیابی کی وجہ ہیں اور انھی کی وجہ سے ہی ولیمز سسٹرز موجود ہیں۔

اس موقع پر جذباتی وینس نے بھی سرینا کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور سرینا کی جیت کو اپنی جیت قرار دیا۔