صحت

مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانا فائدہ مند؟

کیا مچھلی کے تیل کے کیپسول روزانہ کھانا اچھی صحت کے حصول کے حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں ؟

آپ نے سنا ہوگا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز ایسے صحت مند فیٹس ہیں جو کہ دل کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

اور تمام طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے حصول کا بہترین ذریعہ آئلی فش کا استعمال ہے۔

مگر کیا مچھلی کے تیل کے کیپسول روزانہ کھانا اس حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں ؟

تو اس کا جواب ہے کہ نہیں وہ کوئی جادوئی کیپسول نہیں جیسا انہیں بنانے والی کمپنیاں دعویٰ کرتی ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نیویارک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے فوائد کے بیشتر شواہد مچھلی کے کیپسول کے سپلیمنٹس سے نہیں بلکہ خود مچھلی کھانے کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ ماضی کی طبی رپورٹس ان سپلیمنٹس کے حوالے سے کوئی واضح آرا قائم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے فوائد کے لیے مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانے کی بجائے اس کے گوشت کا استعمال کرنا چاہئے۔

اسی طرح امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کی ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ مچھلی کے تیل کے کیپسول کا استعمال کسی قسم کے طبی فوائد کا حامل نہیں۔

اسی طرح امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی تحقیق میں بتایا گیا کہ مچھلی کے تیل کے آٹھ کیپسول کا روزانہ استعمال دل کے لیے بہتر ہوسکتا ہے مگر اتنے کیپسول کھانا مضر اثرات بھی مرتب کرتا ہے، جیسے سانس میں بو، متلی، مسلز کی اکڑن اور ناک سے خون نکلنا وغیرہ۔