28ارب 88کروڑ کی لاگت، ملتان میٹرو بس کا افتتاح
ملتان: وزیراعظم نواز شریف نے ملتان میں میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا۔
چنگی نمبر 9 میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ تھے۔
افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم کوئی سیاست کرنے کے لیے نہیں آئے بلکہ ملتان کی عوام کی خدمت کے لیے اور آپ کو آپ کا حق میٹرو کا تحفہ دینے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے بعد ملتان کے لیے شروع کیے گئے میٹرو بس منصوبے سے شہر کے 25 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، عوامی فلاح کے اس بڑے منصوبے پر 28 ارب 88 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، وزیراعظم نے حسب روایت میٹرو بس میں خود سفر کرکے اس کا آغاز کیا، 18.5 کلومیٹر طویل ٹریک اور 21 اسٹیشنز پر مشتمل اس بس سروس کا کرایہ 20 روپے ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ملتان کی عوام کو اور شہباز شریف کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، جنہوں نے کم سے کم وقت میں اس منصوبے کو مکمل کیا۔
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میٹرو بننے سے قبل طالب علم، نوجوان اور غریب افراد کتنی مشکل سے سفر کرتے تھے اور کتنا کرایہ دے کر جاتے تھے، ہمیں اس بارے میں سوچنا چاہیئے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ میٹرو کا جال جتنا پھیلے گا، عوام کو اتنی ہی سہولیات میسر آئیں گی۔
نیا پاکستان کا دعویٰ کرنے والی سیاسی حریف جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملتان میں آکر دیکھیں یہ نیا پاکستان ہے۔
اس موقع پر مجمع میں 'میاں صاحب آئی لوو یو' کے بلند ہوتے نعروں پر نواز شریف نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی آپ سے اتنا ہی پیار کرتا ہوں، ’یہ میرے لیے بہت حوصلے کی بات ہے کہ لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں، یہ لو یو ہی ہے جو مجھے ہر جگہ لیے پھرتا ہے‘۔