کھیل

پی ایس ایل میں 10نئے غیرملکی کھلاڑی شامل

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں معین علی، جیسن رائے اور رلی روسو سمیت متعدد نئے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

لاہور: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کیلئے متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا ہے جس میں معین علی، رلی روسو اور جیسن رائے کئی نامور کھلاڑی لیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔

عالمی سطح پر ٹیم کے ساتھ مصروفیات، انجریز اور دیگر وجوہات کی بنا پر کم و بیش دس کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت سے معذرت کر لی تھی جس کے باعث فرنچائز ٹیموں کیلئے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب ممکن بنانے کیلئے باقاعدہ ڈرافٹ کا انعقاد کرنا پڑا۔

پیر کو لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ ڈرافٹ میں کراچی کنگز کے علاوہ لیگ کی بقیہ چاروں فرنچائز ٹیموں کے نمائندے ڈرافٹنگ کے عمل میں موجود تھے کیونکہ خوش قسمتی سے کراچی کنگز کے کسی غیر ملکی کھلاڑی نے عدم دستیابی ظاہر نہیں کی۔

ڈرافٹ کی تقریب میں موجود فرنچائز کی مینجمنٹ نے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور گزشتہ ایونٹ کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سب سے زیادہ چار کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد نبی کی جگہ جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز رلی روسو، ویسٹ انڈین کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کی جگہ انگلش آل راؤنڈر معین علی، انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی کی جگہ نیوزی لینڈ کے ناتھن میک کولم اور ویسٹ انڈین روومین پاول کی جگہ سری لنکن آل راؤنڈر تھسارا پریرا کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور قلندرز کو بھی اپنے اسکواڈ میں کئی تبدیلیاں کرنا پڑیں اور ڈیوین براوو زخمی ہونے کے سبب ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے لیکن ان کی جگہ انگلینڈ کے جیسن رائے لیں گے جنہوں نے حال ہی میں انڈیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچوں میں 220 رنز بنائے ہیں۔

لاہور قلندرز نے اسپیڈ اسٹار شان ٹیٹ کی جگہ کرسٹوفر گرین اور نیوزی لینڈ کے ایٹن ڈیوچک کی جگہ ان کے ہم وطن جیمز فرینکلن لیں گے۔پشاور زلمی نے انگلینڈ کے ایلکس ہیلز کی جگہ تجربہ کار ویسٹ انڈین آل راؤنڈر مارلن سیمیولز کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جبکہ افغانستان کے محمد شہزاد کی جگہ آندرے فلیچر نے لی۔

اسی طرح بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی دوسرے ایڈیشن میں زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ سری لنکا کے تلکارتنے دلشان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ایک اور تبدیلی کا بھی امکان ہے اور وہ آئندہ 24 گھنٹوں میں اس کا اعلان کر سکتے ہیں۔

ڈوپنگ کا شکار آل راؤنڈر آندرے رسل کی قسمت کا فیصلہ آئندہ 15 دن میں کیس سماعت کے بعد متوقع ہے اور اسی لیے اسلام آباد یونائیٹڈ نے انہیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اگر رسل کے خلاف فیصلہ آتا ہے اور ان پر پابندی عائد ہوتی ہے تو اسلام آباد یونائیٹڈ فوری طور پر متبادل کھلاڑی کا اعلان کر دے گی۔

یاد رہے کہ ہر ٹیم کو کم از کم پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں کو لازمی اپنے اسکواڈ کا حصہ بنانا ہے اور متبادل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان اسی صورت میں ہو سکتا ہے اگر کوئی غیر ملکی کھلاڑی کسی وجہ سے لیگ میں اپنی فرنچائز کی نمائندگی نہ کر سکے اور غیرملکی کھلاڑیوں کی تعداد پانچ سے کم ہو جائے۔