نوٹ 7 پھٹنے کی وجہ بیٹری سپلائرز: سام سنگ

گلیکسی ایس 8 آئندہ ماہ متعارف ہوگا، صارفین کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے، کمپنی چیف

کورین اسمارٹ فون کمپنی سام سنگ کا کہنا ہے کہ دو سپلائرز کی جانب سے خراب بیٹریاں فراہم کرنے کی وجہ سے نوٹ 7 پھٹنے کے واقعات پیش آئے۔

سام سنگ کی جانب سے یہ بیان مہینوں سے جاری تحقیقات کے مکمل ہونے کے بعد جاری کیا گیا، بیان کے مطابق 'کمپنی اپنی مصنوعات کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہی ہے جس کہ وجہ سے گلیکسی ایس کے نئے فون کی لانچنگ میں بھی تاخیر کا امکان ہے'۔

گزشہ برس لانچ ہونے والے نوٹ 7 کی بیٹریاں پھٹنے کے واقعات کے بعد سام سانگ نے اکتوبر 2016 میں باضابطہ طور پر اس فون کو ختم کرنے کا اعلان کیا تاکہ کئی ماہ سے اس ڈیوائس کی خطرناک بیٹریوں سے پیدا ہونے والے بحران سے خود کو باہر نکال سکے۔

مزید پڑھیں:سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 ختم کرنے کا اعلان

نوٹ سیون کو ختم کرنے کی وجہ سے سام سنگ کو 5.3 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

سام سنگ موبائل کے چیف کوہ ڈانگ جن کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ بیٹرویوں کو پھٹنے سے بچانے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کمپنی صارفین کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرے گی۔

ڈانگ جن نے گلیکسی ایس 8 کو آئندہ ماہ موبائل ورلڈ کانگریس میں متعارف کرانے کا اعلان کیا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ فون صارفین کو کب سے دستیاب ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:سام سنگ کا گلیکسی نوٹ 7 اب 'محفوظ' قرار

بیٹریاں پھٹنے کے واقعات سے قبل ماہرین نے اسے موجودہ دور کا سب سے بہترین اسمارٹ فون قرار دیا تھا تاہم بیٹری مسائل کے بعد کمپنی نے صارفین کو فروخت ہونے والے 96 فیصد یعنی 30 لاکھ سے زائد فون واپس منگوائے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹر نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سام سنگ، نوٹ 7 کے ری فربشڈ فون فروخت کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔