دنیا

'ٹرمپ کو پاک-امریکا تعلقات میں بہتری کی امید'

پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کے مطابق نو منتخب امریکی صدر مستقبل میں پاک-امریکا تعلقات میں بہتری دیکھنا چاہتے ہیں۔

امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے غیر ملکی سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے کے موقع پر انھوں نے کہا کہ وہ پاک-امریکا تعلقات میں بہتری دیکھنا چاہتے ہیں۔

جیلانی نے بتایا کہ ٹرمپ نے گذشتہ برس نومبر میں وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی نہایت 'خوشگوار' انداز میں حوالہ دیا۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ نے پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کردی

انھوں نے پاکستانی سفیر سے ہونے والی گفتگو کے دوران پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو اُس وقت متنازع ہوگئی تھی جب وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اس گفتگو کا تحریری متن جاری کیا گیا تھا۔

جس کے بعد واشنگٹن میں بھی تنازع شروع ہوگیا اور ٹرمپ کو غیر ملکی سربراہوں سے گفتگو کے دوران محتاط رہنے کو کہا گیا، جبکہ امریکی میڈیا نے بھی ذاتی گفتگو کو 'ریلیز' کرنے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف سے گفتگو : ٹرمپ کی ٹیم کو پاکستانی ورژن پر اعتراض

بعدازاں ٹرمپ کی ٹیم نے بھی مذکورہ فون کال کا اپنا ورژن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرچہ دونوں رہنماؤں کے درمیان 'مثبت گفتگو' ہوئی لیکن پاکستانی ورژن میں بہت 'خوشنما زبان' استعمال کی گئی تھی۔

گزشتہ برس نومبر میں انتخابات کے نتیجے میں ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کو شکست دے کر امریکا کے 45ویں صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔