کراچی ٹریفک جام، وجوہات جاننے کیلئے سروے کا حکم
کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ اے ڈی خواجہ نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں اور حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تھانہ پولیس اور ٹریفک پولیس باقاعدہ روڈ سروے پر مشتمل مشترکہ منصوبہ ترتیب دیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'کراچی میں ٹریفک جام کی وجہ ترقیاتی کام'
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق ٹریفک کی روانی میں تعطل کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ تمام اضلاع اور ٹریفک زونز کے لحاظ سے مرکزی شاہراہوں، سڑکوں اور دیگر ذیلی سڑکوں پر ٹریفک دباؤ، اسکی وجوہات اور اس حوالے سے درپیش دیگر مسائل پر روڈ سروے پر مشتمل جامع رپورٹ تیار کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد جیسے اقدامات ہر سطح پر انتہائی سخت اور غیرجانبدارانہ بنائے جائیں جبکہ شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلوں پر پابندی کے اوقات پر عمل درآمد میں بھی کسی رعایت یا پس وپیش سے اجتناب کیا جائے۔
مزید پڑھیں: کراچی کا قاتل ٹریفک جام
آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ روڈ سروے اور بعد ازاں مشترکہ ٹریفک روانی منصوبے میں ترقیاتی کاموں، زیرآب آنے کے باعث ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حال سڑکوں کے لیئے نا صرف متبادل راستوں کو مختص کیا جائے بلکہ ان راستوں سے عوام کو آگاہ رکھنے کے لیے بھی تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی متاثر کرنے میں سڑکوں کے اطراف تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کا بھی اہم کردار ہے لہٰذا تمام تھانہ ایس ایچ اوز اور سیکشن افسران ٹریفک کو پابند کیا جاتا ہے کہ وہ متعلقہ حدود سے ایسے تمام تجاوزات اور پارکنگ لاٹس کو فی الفور ختم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔