سائنس و ٹیکنالوجی

فضائی ٹیکسیوں کی آزمائش رواں سال متوقع

اس سائنس فکشن خیال کو معروف طیارہ ساز کمپنی ائیر بس حقیقت کا روپ دینے والی ہے۔

ویسے تو کراچی یا دیگر بڑے شہروں میں گھر سے دفتر کا راستہ کسی آزمائش سے کم نہیں ہوتا خاص طور پر جب ٹریفک جگہ جگہ جام ہو، مگر تصور کریں ایسی پبلک ٹرانسپورٹ کا، جو آپ کو گھر سے پک کریں اور اڑ کر دفتر پہنچا دے، اچھا ہے نا؟

اور اس سائنس فکشن خیال کو معروف طیارہ ساز کمپنی ائیر بس حقیقت کا روپ دینے والی ہے جس نے خودکار پرواز کی صلاحیت رکھنے والی ٹیکسیوں کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔

اس بات کا اعلان ائیربس کے سی ای او ٹام اینڈرز نے کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پرواز کرنے والی ٹیکسیاں ایک مسافر کو منزل تک پہنچانے کا کام کریں گی اور اس کی آزمائش رواں سال کے آخر میں شروع کردی جائے گی۔

ائیربس کے تحت پراجیکٹ واہانا میں اس پر کام ہورہا ہے اور اسے شہروں کے مستقبل کی سواری قرار دیا گیا ہے۔

اس منصوبے کو یہ کمپنی بہت سنجیدہ لے رہی ہے اور اس کے خیال میں یہ شہروں کی بہت زیادہ ٹریفک کے مسئلے کا سامنا نہیں ہوگا۔

اس سال کے آخر میں آزمائش کے بعد یہ کمپنی انہیں 2021 تک عام استعمال کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

دیکھنے میں کسی گاڑی جیسی اس سواری ممکنہ طور پر چار روٹر ڈیزائن پر مشتمل ہوگی تاکہ یہ ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف کرسکے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اڑن گاڑیاں اس وقت بھی کسی سائنس فکشن سے کم نہیں مگر ائیربس کا ماننا ہے کہ اس کی یہ ٹیکسیاں اس کیٹیگری کا حصہ نہیں ہوں گی بلکہ یہ ٹیکنالوجی کو زیادہ بہتر طریقے سے استعمال کرنا ہے۔