پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

جن علاقوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں گلستان جوہر اور گلشن اقبال وغیرہ شامل ہیں، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر نجیب عامر کے مطابق صبح 10 بجکر 45 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت 3.6 اور گہرائی 12 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز کراچی تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقوں گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

مزید پڑھیں:جب زلزلہ آئے تو کیا کرنا چاہیے؟

جھٹکوں کے باعث جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے طلباء کلاسز سے باہر آگئے۔

فی الحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

اس سے قبل دسمبر 2014 میں بھی کراچی میں 2.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جب کہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں زلزلے کے جھٹکے

پاکستان کی تاریخ کا بدترین زلزلہ شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کو آیا تھا، جس کے نتیجے میں 75 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے تھے۔