کھیل

نیوزی لینڈ کی بنگلہ دیش کے خلاف ڈرامائی فتح

کین ولیمسن کی جارحانہ سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹ سے فتح حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی جارحانہ سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹ سے ڈرامائی فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

یہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پہلی اننگز میں 595 رنز بنانے والی ٹیم میچ ہاری ہو، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس تھا جو 586 رنز بنانے کے باوجود میچ ہار گئی تھی۔

ویلنگٹن میں بنگلہ دیش کے 595 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 539 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں بنگلہ دیش نے 56 رنز کی برتری حاصل کی۔

لیکن دوسری اننگز میں پوری ٹیم 160 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے شکیب الحسن دوسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے، صابر رحمان 50، امرالقیس 36، تمیم اقبال 25 اور مومن الحق 23 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو میچ میں فتح کیلئے 217 رنز کا ہدف دیا لیکن 39 رنز تک دونوں کیوی اوپنر مہدی حسن میراز کی وکٹ بن چکے تھے۔

اس موقع پر لگتا تھا کہ شاید نیوزی لینڈ دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے وکٹ بچانے اور میچ ڈرا کرنے پر اکتفا کرے لیکن ولیمسن نے برینڈن میک کولم کی جارحانہ حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے میچ جیتنے کی سوچ اپنائی اور ایک عمدہ اننگز سے انہونی کو ہونی کر دکھایا۔

انہوں نے ٹیم کے سب سے تجربہ کار رکن روس ٹیلر کے ساتھ 163 رنز کی شراکت قائم کی اور اور اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

جب روس ٹیلر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے میحض 15 رنز درکار تھے۔

کین ولیمسن نے 90 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات شاندار رن ریٹ تھا جہاں اس نے 5.47 کے ریٹ سے 39.4 اوورز میں 217 رنز بنائے اور سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

پہلی اننگز میں 177 رنز بنانے والے ٹام لیتھم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔