میٹھے امرود کی شناخت بہت آسان
آج کل امردو عام مل رہے ہیں اور یہ بیشتر افراد کو پسند بھی ہوتے ہیں مگر کیا امردوں کو خریدتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے کہ جو پھل آپ لے رہے ہیں وہ میٹھے اور صحیح پکے ہوئے ہوں گے؟
عام طور پر امردو لوگ بس اندازے سے خرید لیتے ہیں اور اگر پھل فروش کاٹ کر نہ کھلائے تو یہ جاننا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے کہ اس کا ذائقہ کیسا ہوگا۔
مزید پڑھیں : میٹھے تربوز کی پہچان انتہائی آسان
ہوسکتا ہے آپ کا جواب نہیں میں ہو، مگر میٹھے اور پکے ہوئے امردوں کو چھانٹنا اتنا بھی مشکل نہیں بس آپ کو چند چیزوں پر نظر رکھنی ہوتی ہے اور اس طرح آپ پھل کاٹے بغیر بھی بہترین امرود خرید سکتے ہیں۔
رنگ کو دیکھیں
پھل کے رنگ کو دیکھیں، اگر وہ شوخ سبز سے ہلکے زرد رنگ میں تبدیل ہوگیا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ وہ پک چکا ہے اور اس کا ذائقہ اچھا ہوگا، تاہم اگر آپ کو اس طرح کے رنگ والا امرود نہیں ملتا تو ہمیشہ کچے یا سبز امردو خریدیں کیونکہ وہ بہت جلد پک جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تازہ اور اچھی مچھلی کی شناخت کیسے کریں؟
سونگھ کر دیکھیں
اچھا پکا ہوا امرود وہ ہوتا ہے جس کی مہک دور سے ہی آجاتی ہے، یہ مہک میٹھی محسوس ہوتی ہے۔
دبا کر دیکھیں
امرود جتنا نرم ہوگا، اتنا ہی میٹھا اور لذیذ بھی ہوگا۔ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ بہت زیادہ نرم امرود مزیدار تو ہوتے ہیں مگر ان میں داغ لگنے کا امکان بھی بہت زیادہ ہوتا ہے، تو امرود کو لینے سے پہلے اسے اٹھا کر دیکھیں اور انگلیوں سے دبا کر دیکھیں، اگر وہ نرم ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ مناسب حد تک پکا ہوا اور میٹھا ہوگا۔
یہ بھی دیکھیں : اچھے اور میٹھے سیب کا انتخاب کیسے کریں؟
داغ نہ ہو
اگر امرود پر کسی قسم کا داغ موجود ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ پھل خراب یا اس کا ذائقہ اچھا نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ پکے ہوئے امرودوں کو فریج میں دو دن تک رکھا جاسکتا ہے جبکہ کچے اور سخت امرود جو پک رہے ہوں، انہیں کمرے کے درجہ حرارت میں کسی کاغذی تھیلے میں رکھنا چاہیے۔