پاکستان

'کراچی - مسقط فیری سروس کی تجویز کا خیر مقدم'

عمان اور پاکستان کے درمیان کشتی سروس شروع کرنے سے دونوں ملکوں کے عوام کو سفر کا سستا ذریعہ میسرہوگا،وزیراعظم نوازشریف

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے عمان کی جانب سے مسقط سے کراچی اور گوادر تک بحری سفر کے لیے فیری سروس شروع کرنے کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔

عمان کے کونسل آف اسٹیٹ کے چیئرمین ڈاکٹر یحیٰ محفوظ سالم المنتھری نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران عمان کے دارالحکومت مسقط سے کراچی اور گوادر تک کشتی سروس شروع کرنے کی پیشکش کی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس قدم سے دونوں ممالک کی دوستی میں نئے باب کا آغاز ہوگا۔

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ فیری سروس شروع کرنے سے اس راستے سے باقاعدگی سے سفر کرنے والے افراد کی بہت بڑی تعداد کو سستا اور بہتر متبادل ذریعہ میسر ہوگا۔

وزیر اعظم کے مطابق جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے پاکستان اور عمان قدرتی اتحادی ہیں، جبکہ پاکستانی قیادت اور عوام کے دلوں میں عمان کے عوام کے لیے انتہائی احترام پایا جاتا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمان کی حکومت کی جانب سے خیلج تعاون کونسل (جی سی سی)کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے میں پاکستان کی حمایت پرعمان کے شکر گزار ہیں۔

وزیر اعظم نے عوام سے عوام کے رابطے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ عمان بہت بڑی تعداد میں پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی کر رہا ہے، جب کہ پاکستان عمان کو طب، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ، تعلیم،اکاؤنٹنگ اورمختلف شعبوں میں مزید تربیت یافتہ اور انتہائی پیشہ ور افراد فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دونوں ممالک ماہرین کے تبادلے سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نوازشریف نے عمان کو پاکستان میں جاری توانائی کے منصوبوں سمیت انفرااسٹرکچر اور کنزیومر بیسڈ انڈسٹری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

عمان کے وفد میں شامل دیگر افراد میں ایجوکیشن اینڈ رسرچ کمیٹی کے رکن شیخ حامد محمد عبداللہ باہوان المخینی،کلچر میڈیا اینڈ ٹورزم کمیٹی کے رکن محمد احمد علی الرواس، اکنامک کمیٹی کے رکن ڈاکٹر احمد سلیمان صالح المیمانی، ڈپٹی چیئرمین سوشل کمیٹی وفا سلیم علی الحراسی اور سوشل کمیٹی کی رکن ڈاکٹر عائشہ احمد یوسف الوشاہی شامل تھے۔

عمانی وفد سے وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے موقع پر سینیٹ چیرمین رضا ربانی اور سینیٹر تاج حیدر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔