کھیل

فٹ بال ورلڈکپ2026 کیلئے 48 ٹیموں کی منظوری

کس خطے سے کتنی ٹیمیں ہوں گی اس کی ضمانت ابھی نہیں دی گئی لیکن 2026 ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی: انفینٹینو
Welcome

فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) نے ورلڈکپ 2026 میں 32 کے بجائے 48 ٹیموں کو شامل کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

48 ٹیموں کو 16 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ میں تین، تین ٹیموں کو رکھا جائے گا، 32 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوں گی جبکہ 64 کے بجائے 80 میچز ہوں گے لیکن ٹورنامنٹ کا دورانیہ وہی 32 دن کا ہوگا اور ہر گروپ سے دوٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوں گی۔

2026 کے ورلڈ کپ میں 48 ٹیموں کی شمولیت کے باوجود دلچسپ امر یہ ہے کہ فائنل تک رسائی کرنے والی ٹیم وہی سات میچ کھیلے گی جب ایونٹ میں 32 ٹیمیں شامل ہوتی تھیں۔

دوسری جانب فیفا کو امید ہے کہ براڈ کاسٹنگ، اسپانسر اور ٹکٹ سمیت دیگر مد میں موجودہ آمدنی سے ایک ارب ڈالر سے زائد منافع ہوگا۔

فیفا کے صدر جیانی انفینٹو نے کس خطے سے کتنی ٹیمیں مخصوص ہوں گی اس کو واضح نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: فٹ بال میں ویڈیو ریفری کی خدمات کا حصول

انفینٹینو نے کہا کہ 'ابھی تک اس حوالے سے کوئی ضمانت نہیں دی گئی ہے لیکن یہ واضح ہے کہ 48 ٹیمیں حصہ لیں گی'۔

یورپین فٹ بال فیڈریشن (یوئیفا) چاہتا ہے کہ اس کی 16 ٹیمیں ورلڈکپ میں شریک ہوں گی جبکہ امکان یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ورلڈکپ شمالی امریکا میں کھیلا جائے گا جہاں پر 1994 کے بعد اب تک کوئی ورلڈ کپ منعقد نہیں ہوسکا ہے۔

اسی سلسلے میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے فٹ بال حکام کے درمیان مشترکہ میزبانی کے حوالے سے غیررسمی بات چیت ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ 2018 کا فٹ بال ورلڈکپ روس میں ہوگا جہاں 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔