ملتان، پلازہ گرنے سے ایک شخص ہلاک، 4 زخمی
منہدم ہونے والا پلازہ کے قریب تعمیراتی کام کے سلسلے میں کھدائی ہو رہی تھی، جس وجہ سے قریبی پلازہ منہدم ہوا۔
ملتان: جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان میں تین منزلہ پلازہ منہدم ہونے کی وجہ سے ایک شخص ہلاک جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق پلازہ کے ملبے تلے کم سے کم 25 افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
پلازہ منہدم ہونے کے بعد جائے وقوع پر بھاری تعداد میں ریسکیو اہلکار پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
واقعے کے بعد ملتان کے نشتر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق چونگی نمبر 6 کے قریب 3 منزلہ پلازہ کے قریب ایک تعمیراتی کام کے سلسلے میں ہونے والی کھدائی کے دوران پلازہ گرگیا، جس وجہ تعمیراتی کام کرنے والے مزدور،قریبی کھڑے دیگر افراد اور پلازہ میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: چھت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق منہدم ہونے والے پلازے کا ملبہ کافی زیادہ ہے، جس وجہ سے ملبہ ہٹانے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔