پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل کا فلمی سفر شروع
خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن کامی سد بہت جلد مختصر فلم 'رانی' میں مرکزی کردار کرتی نظر آئیں گی۔
خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن کامی سد نے گذشتہ برس نومبر میں پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل کی حیثیت سے ریمپ پر واک کرکے تمام تر توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی تھی اور اب وہ ایک مختصر فلم 'رانی' میں کام کرنے جارہی ہیں۔
کامی سد اس فلم کے ذریعے پاکستان میں خواجہ سراؤں کے حقوق کا پیغام دینا چاہتی ہیں، اس فلم کو امریکا سے تعلق رکھنے والے حماد رضوی ڈائریکٹ کررہے ہیں جبکہ اسے کراچی کے پروڈکشن ہاؤس گرے سکیل نے پروڈیوس کیا ہے۔
کامی سد کا ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اپنی فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ 'اس شارٹ فلم کا نام رانی ہے اور میں نے اس میں ایک مخنث کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز گزشتہ سال اکتوبر میں ہوا تھا اور ابھی اس کی پروڈکشن کا کام جاری ہے، اس کی کہانی نہایت شاندار ہے'۔