دنیا بدل دینے والے اسمارٹ فون کے 10 سال
9 جنوری 2007 کو ایسی ڈیوائس متعارف ہوئی تھی جس نے دنیا کے بدل کر رکھ دیا اور آج اس کی 10 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔
کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ ڈیوائس کیا تھی جو آج دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے بلکہ بیشتر افراد اسے حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں؟
یہ ہے آئی فون جسے دنیا کا پہلا کمرشل ملٹی ٹچ اسکرین فون بھی قرار دیا جاتا ہے۔
ایک دہائی قبل آج کے دن سان فرانسسکو میں اسٹیو جابز نے آئی فون کو جب متعارف کرایا تو وہ بہت مہنگا تھا، اس میں تھری جی بھی نہیں تھا بلکہ اس وقت لوگ جس فزیکل کی بورڈ کے عادی تھے، یہ ڈیوائس اس سے بھی محروم تھی، کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ ڈیوائس دنیا بدل دے گی۔
اس وقت جو فون سب سے جدید سمجھا جاتا تھا وہ بلیک بیری تھا جس میں ای میلز اور انٹرنیٹ تک رسائی دی گئی تھی، اور بیشتر کمپنیوں کا خیال تھا کہ ایپل کا یہ اسمارٹ فون ناکام ثابت ہوگا مگر وہ تاریخ ساز ثابت ہوا۔
اس کی کامیابی کے نتیجے آج دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی بھرمار ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئی فون کو کلچرل آئیکون بھی قرار دیا جاتا ہے جس کے اب تک 11 ورژن سامنے آچکے ہیں۔
ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے آئی فون کی 10 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا 'آئی فون آج رابطوں، تفریح، کام اور زندگی کے انداز کو بدل چکا ہے، آئی فون نے پہلی دہائی میں موبائل کمپیوٹنگ کے معیار کو طے کیا اور ابھی تو یہ آغاز ہے، بہترین آئی فون تو ابھی سامنے آنا باقی ہے'۔
ایپل نے اس ڈیوائس کو ہر گزرتے برس میں ڈیزائن کیا ہے اور اس کا فرق نیچے تصویر سے واضح ہے۔