پاکستان

پنجاب: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں '6 دہشت گرد' ہلاک

'دہشت گردوں' تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن کے قبضے سے اسلحہ اور حساس مقامات کے نقشے برآمد ہوئے، پولیس کا دعویٰ

لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کے دوران 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے پہلے سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شیخوپورہ بائی پاس کے قریب چھاپہ مارا تھا۔

جہاں ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں سے دستی بم، بارودی مواد، اسلحہ اور حساس مقامات کے نقشے برآمد ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: شیخوپورہ: سی ٹی ڈی سے 'مقابلے' میں 9 'دہشت گرد' ہلاک

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق پنجاب پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث دو گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد گلشن اقبال پارک بم دھماکے میں بھی ملوث تھے۔

لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ 28 مارچ 2016 کو لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں پارک میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم 72 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 'دہشت گرد' ہلاک

اس سے قبل بھی پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنا پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گذشتہ سال بھی اپنے متعدد دعوؤں کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کیا ہے۔