بھارتی مداخلت کا ’ڈوزیئر‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے حوالے
نیو یارک: پاکستان نے بھارتی مداخلت کا ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنٹونیو گوٹیریس کے حوالے کردیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھارتی مداخلت کی اضافی معلومات اور شواہد پر مبنی یہ ڈوزیئر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے حوالے کیا۔
ان شواہد میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت شامل ہیں۔
ڈوزیئر میں کہا گہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کو پاکستان میں مداخلت اور اسے غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں سے روکے۔
قبل ازیں اکتوبر 2015 میں ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے اس وقت کے سیکریٹری جنرل بانکی مون کو 3 ڈوزیئرز حوالے کیے تھے، جن سے متعلق حکومتی بیان میں کہا گیا تھا کہ ان میں بھی بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں بھارتی مداخلت کے شواہد شامل ہیں، لیکن ان ڈوزیئرز کے کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈوزیئر میں ہندوستان کے خلاف ’ٹھوس ثبوت‘ موجود نہیں
ملیحہ لودھی نے ڈوزیئر کے ساتھ مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے حوالے کیا۔
سرتاج عزیز نے خط میں بھارتی مداخلت کو عالمی امن کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔
انہوں نے بھارتی قیادت کے پاکستان مخالف بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارتی اقدامات سے دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں ناکامیوں میں بدل سکتی ہیں۔