لائف اسٹائل

'رئیس' کے مدمقابل 'قابل' کا بھی نیا گانا ریلیز

شاہ رخ خان کے گانے 'ظالما' کے بعد ہریتھیک کا گانا 'مون آمور' بھی آج ریلیز کیا گیا ہے۔

بولی وڈ کی دو پڑی فلمیں 'رئیس' اور 'قابل' رواں ماہ ایک ہی تاریخ کو ریلیز کی جائیں گی، اور جب مقابلہ اتنا سخت ہے تو فلم کی ریلیز سے قبل ہی ہر کسی کی کوشش ہے کہ اس کی فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب ثابت ہو۔

جہاں آج شاہ رخ خان نے اپنی فلم 'رئیس' کا ایک گانا 'ظالما' ریلیز کیا، وہیں ہریتھیک روشن نے بھی اپنی فلم 'قابل' کا گانا 'مون آمور' جاری کردیا ہے۔ (مون آمور ایک فرانسیسی جملہ ہے، جس کا مطلب 'میری محبت' ہے)

واضح رہے کہ ان دونوں فلموں میں گزشتہ سال سے سخت مقابلہ جاری ہے، جب شاہ رخ خان نے فلم 'رئیس' میں سنی لیون کے آئٹم سانگ کا اعلان کیا، تو ہریتھیک روشن نے بھی اپنی فلم میں ایک آئٹم سانگ 'سارا زمانہ' شامل کرلیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں ہی گانے پرانی بولی وڈ فلموں سے لیے گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ دونوں فلمیں 26 جنوری کو ریلیز ہونے والی تھیں، جبکہ فلم کے پروڈیوسر راکیش روشن نے اپنی فلم کی ریلیز تاریخ تبدیل کرکے اسے ایک روز قبل 25 جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد شاہ رخ خان نے بھی 'رئیس' کو 25 جنوری ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

فلم 'قابل' کی ہدایت کاری سنجے گپتا کررہے ہیں، اس فلم میں ہریتھیک روشن نے ایک اندھے شخص کا کردار ادا کیا ہے جو اپنی زندگی نہایت ہنسی خوشی گزار رہا تھا، تاہم ایک سانحہ ہونے کے بعد اس کی زندگی مکمل طور پر تبدیل ہوگئی، فلم میں اداکاری یامی گوتمی بھی موجود ہیں، جو ہریتھیک کی اہلیہ بنیں گی۔

دوسری جانب فلم 'رئیس' میں شاہ رخ خان نے ایک گجراتی گینگسٹر کا کردار ادا کیا ہے، فلم میں ماہرہ خان اور نوازالدین صدیقی بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ بولی وڈ کی تاریخ میں زیادہ تر حب بھی شاہ رخ خان کی فلم کے مدمقابل کوئی فلم ریلیز ہوئی، وہ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ثابت ہوگئی، پھر چاہے وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'سانوریا' ہو یا اجے دیوگن کی فلم 'سن آف سردار'۔

اور اب دیکھنا یہ ہے کہ 25 جنوری کو ان دونوں فلموں میں سے کون سی فلم باکس آفس پر کامیابی کے ساتھ ساتھ مداحوں کے دل میں گھر کرے گی۔