لائف اسٹائل

'بل بتوڑی' کے علاج کا ذمہ بیت المال نے اٹھالیا

نصرت آراء بیگم 6 لاکھ روپے تک کا علاج معالجہ کسی بھی ہسپتال سے کرواسکیں گی، جس کا خرچہ بیت المال سے ادا کیا جائے گا۔

بچوں کے مشہور ڈرامے 'عینک والا جن' سے شہرت حاصل کرنے والی 'بل بتوڑی' یعنی نصرت آراء بیگم ان دنوں کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہی ہیں، گذشتہ روز ان پر فالج کا اٹیک ہوا، جس کے باعث ان کی بائیں ٹانگ متاثر ہوئی۔

اور اب اچھی خبر یہ ہے کہ بیت المال نے 'بل بتوڑی' کے علاج معالجے کے اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق نصرت آراء بیگم 6 لاکھ روپے تک کا علاج معالجہ کسی بھی ہسپتال سے کرواسکیں گی، جس کا خرچہ بیت المال سے ادا کیا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے ایک سرکاری لیٹر نصرت آراء بیگم کو دیا جائے گا، جسے دکھا کر وہ کسی بھی ہسپتال میں اپنا علاج کرواسکیں گی۔

ویڈیو دیکھیں:ماضی کا یادگار کردار 'بل بتوڑی' کسمپرسی کا شکار

اس حوالے سے نصرت آراء کے صاحبزادے عامر رضا نے والدہ کے لیے آواز اٹھانے پر ڈان نیوز کا شکریہ ادا کیا۔

عامر رضا نے بتایا کہ ان کی والدہ ہفتہ 7 جنوری کو لاہور کے شیخ زید ہسپتال میں طبی معائنہ کروائیں گی، جہاں ڈاکٹر ان کے علاج سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب نصرت آراء کا مطالبہ ہے کہ انھیں رہائش کے لیے ایک مکان فراہم کیا جائے، کیونکہ اس وقت وہ ایک کمرے کے چھوٹے سے مکان میں رہائش پذیر ہیں۔