بھٹو کی یاد
پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار بھٹو 5جنوری 1928 کو پیدا ہوئے، ان کے یوم پیدائش پر یاد گار لمحوں کو ایک جگہ جمع کیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، پیپلز پارٹی ان کے یوم پیدائش پر ہر سال تقاریب منقعد کرتی ہے۔
سر شاہ نواز کے گھر پیدا ہونے والے ذوالفقارعلی بھٹو نے تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی میں وکالت کا پیشہ اپنایا، جلد ہی ان کی قابلیت کی شہرت اقتدار کےایوانوں تک جاپہنچی، وہ 1958 میں کابینہ کے رکن بنےجبکہ 1965 کی جنگ اور اس کے بعد معاہدہ تاشقند سے دلبرداشتہ ہو کروہ حکومت سے الگ ہوئے۔
بھٹو کے عوامی انداز نے پاکستان کی سیاست کو ڈرائنگ روم سےنکال کر سڑکوں تک پہنچایا۔
ان کے ساتھ لوگوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا، حکومت سے علیحدگی کے تقریبا ڈیڑھ سال بعد 30 نومبر 1967 کو بھٹو نے اپنی الگ جماعت پیپلز پارٹی بنائی تھی، جس کے بعد 1970 کے انتخابات میں مغربی پاکستان میں اکثریت حاصل کی۔