1 کروڑ روپے میں ہونڈا اکارڈ درست انتخاب؟
پچھلے ہفتے اٹلس ہونڈا نے کئی تبدیلیوں کے ساتھ ہونڈا اکارڈ کو مارکیٹ میں پیش کیا۔ ہونڈا کی جانب سے گزشتہ پانچ ماہ میں پیش کی جانے والی یہ دوسری کار ہے۔ اس کے علاوہ یہ کمپنی کی جانب سے تین سال قبل اکارڈ کی نوویں جنریشن کی فروخت کے آغاز کے بعد پہلا میک اوور ہے۔
ویسے تو ہر کار لانچ کو آٹو ڈویلپمنٹ پالیسی 21-2016 کا پھل قرار دینا اب معمول بن چکا ہے، مگر اکارڈ ان کئی گاڑیوں میں سے ایک ہے جنہوں نے اس پالیسی سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا ہے۔
پڑھیں: ہونڈا اکارڈ 2016 پاکستان میں فروخت کے لیے پیش
نئی ہونڈا اکارڈ میں کئی اصلاحات لائی گئی ہیں، جن میں ظاہری خوبصورتی سے لے کر ایک جدید انفوٹینمنٹ سسٹم بھی شامل ہے۔
کار کی بیرونی بناوٹ
بیرونی ساخت و ڈیزائن کی بات کریں تو جدید اکارڈ میں سوک 2016 کی لانچ کے ساتھ مارکیٹ میں آنے والی ہونڈا کی نئی 'جارحانہ' ڈیزائن لینگوئیج صاف طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
اس کے اگلے بمپر کو بھی عمدہ طریقے سے تبدیل کر کے بنایا گیا ہے، جب کہ اس کی اس کی پیش رو اکارڈ کے ڈوئل پروجیکٹر ہیڈلائٹس میں جدت لاتے ہوئے نئی ایل ای ڈی ہیڈلائٹس متعارف کروائی گئی ہیں۔