دنیا

بھارتی فوج طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار: آرمی چیف

فوج کامقصد سرحدوں پر امن و سکون برقرار رکھنا ہےلیکن ضرورت پڑنے پر وہ طاقت کا مظاہرہ کرنے سےنہیں ہچکچائےگی،جنرل بپن روات

نئی دہلی: ہندوستان کے نئے آرمی چیف جنرل بپن روات کا کہنا ہے کہ فوج کا کردار 'سرحدوں پر امن و سکون کو برقرار' رکھنا ہے لیکن وہ 'طاقت کا مظاہرہ' کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل بپن کا کہنا تھا کہ کمانڈر شرقی لیفٹیننٹ جنرل پراوین بخشی اور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل پی ایم ہارض فوج میں خدمات سرانجام دیتے رہیں گے اور اتحاد کو برقرار رکھیں گے۔

رپورٹس کے مطابق جنرل بپن کا کہنا تھا، 'فوج کا مقصد سرحدوں پر امن و سکون کو برقرار رکھنا ہے لیکن اگر ضرورت پڑی تو وہ طاقت کا مظاہرہ کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گی'۔

واضح رہے کہ جنرل بپن روات نے ہفتہ 31 دسمبر کو ہندوستانی فوج کے 27 ویں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا ہے، انھیں 2 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل پراوین بخشی اور پی ایم ہارض پر فوقیت دے کر آرمی چیف بنایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل بپن کا کہنا تھا، 'فوج کے تمام شعبے اور یونٹس متحد ہیں اور وہ سب کو ہمیشہ ایک یونٹ کی ہی نظر سے دیکھیں گے'۔

اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل بخشی نے نئے آرمی چیف کو 'مکمل تعاون' کا یقین دلایا تھا اور ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ پہلے کی طرح پورے پیشہ ورانہ اخلاص سے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

اس سے قبل حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ جنرل بپن روات حالیہ درپیش چینلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر لیفٹیننٹ جنرلز کے مقابلے میں بہترین ہیں، ان چیلنجز میں 'شمال' میں فوج کی تنظیم نو، مغرب میں جاری دہشت گردی اور پراکسی وار اور شمال مشرق کی صورتحال شامل ہے۔

جنرل بپن روات ایک گورکھا رائفلز آفیسر ہیں جو ہندوستانی فوج کے ہیڈکوارٹرز میں کئی اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے امن مشن شمیت انھیں مقبوضہ کشمیر اور مشرقی علاقوں کے معاملات کا بھی وسیع تجربہ ہے۔

دوسری جانب ایئر چیف مارشل بریندر سنگھ دھاؤنا نے 31 دسمبر کو ایئر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں 25 ویں ایئر اسٹاف کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

ایئر چیف مارشل بریندر سنگھ دھاؤنا 1999 میں ہونے والی کارگل جنگ میں ہندوستانی فضائیہ کی فرنٹ لائن گراؤنڈ اٹیک فائٹر اسکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسر تھے۔

یہ خبر 2 جنوری 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی