ترکی: نائٹ کلب پر دہشت گرد حملہ، 39افراد ہلاک
ہلاک ہونے والوں میں 16 غیر ملکی شامل ہیں،کسی بھی گروپ یا تنظیم نے حملے کی ذمہ قبول نہیں کی،رپورٹس
انقرہ: ترکی کے اہم ترین شہر استنبول میں سال نو کی تقریبات کے موقع پر ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص نے گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کم سے کم 39 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان صوئلو کے مطابق استنبول کے نائٹ کلب میں سال نو کے موقع پر کیے جانے والے حملے میں 16 غیر ملکیوں سمیت 39 افراد ہلاک جب کہ 69 افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیر داخلہ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں سے 5 ترکی بھی شامل ہیں جب کہ مزید ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری ہے، کچھ زخمیوں کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔
صالح صوئلو نے مزید بتایا کہ کہ حملے کے بعد پولیس نے علاقے میں آپریشن شروع کرکے حملہ آور کی تلاش کا کام شروع کردیا، مگر تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔