آرمی چیف کا امن کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کی اعلیٰ قیادت سے گفتگو میں خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور افغان ہم منصب کو فون کرکے سال نو پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
افغان قیادت سے گفتگو میں آرمی چیف نے خطے میں امن کے لیے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغان کا امن خطے کے مفاد کے لیے ناگزیر ہے۔
اس موقع پرافغان قیادت نے جنرل قمر باجوہ کو دورہ کابل کی دعوت بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں: 'دہشت گردوں، سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ختم کیا جائےگا'
یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 دسمبر کو 16ویں چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے پاک فوج کی کمان سنبھالی تھی۔
صدر ممنون حسین نے 26 نومبر 2016 کو وزیراعظم نواز شریف کی تجویز پر لیفٹننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی جس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا۔