پاکستان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کا 15 دن بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بھیجی تھی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اوگرا کی سمری وزیر اعظم نواز شریف نے مسترد کردی۔

وزیر خزانہ کے مطابق پیٹرولیم کی چاروں مصنوعات کی قیمتیں 15 جنوری تک برقرار رہیں گی، جبکہ پیٹرولیم کی 2 مصنوعات پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا جائزہ 15 جنوری 2017 کو دوبارہ لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اوگرا نے اپنی سفارش میں پیٹرول کی قیمت میں 31 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 3روپے 94 پیسے کا اضافہ کرنے کی تجویز دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا منصوبہ

انہوں نے بتایا کہ اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 66 روپے 58 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 89 روپے 16 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 50 روپے 18 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 46 روپے 42 پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی تھی۔

وزیر خزانہ کے مطابق مٹی کا تیل کم آمدنی والے افراد استعمال کرتے ہیں اور اگر اس پر سیلز ٹیکس لگاکر اس میں 14 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا جائے تو یہ عام افراد کی پہنچ سے باہر ہوجائے گا۔

لائٹ ڈیزل بھی خصوصی طور پر استعمال ہوتا ہے، اس لیے ان دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں پورے مہینے اضافہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 15 دن تک کوئی اضافہ نہیں ہوگا، مگر ان کی قیمتوں سے متعلق اگلا فیصلہ 15 جنوری 2017 کو کیا جائے گا۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے سے حکومت پر 4 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں سات ماہ بعد 2 روپے اضافہ کیا تھا جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔