لاہور، راولپنڈی اور گجرات کے میئرز نے حلف اٹھالیا
پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، ملتان، گجرانوالہ اور گجرات میں میئرز اور ڈپٹی میئرز کی حلف برداری کی تقاریب منعقد ہوئیں۔
لاہور کے ٹاؤن ہال میں ہونے والی تقریب میں شہر کے نومنتخب لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید اور 9 ڈپٹی میئرز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
واضح رہے کہ لاہور کے میئر کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا تھا کیونکہ ان کے مد مقابل بھی مسلم لیگ (ن) کے ہی امیدوار تھے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار کے کاغذات نامزدگی نامکمل ہونے کی وجہ سے مسترد ہو گئے تھے۔
رواں ماہ پنجاب بھر میں میئر، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمینز کے انتخابات کے لیے ایک سال تاخیر کے بعد انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید بلامقابلہ لاہور کے لارڈ میئر منتخب ہوئے تھے۔
ملتان میں میئر نوید الحق اور ڈپٹی میئرز منور احسان قریشی اور سعید انصاری نے عہدے کا حلف اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ نے میدان مارلیا
دوسری جانب گجرات میں بھی ریٹرننگ افسر ارشد جاوید نے سٹی مئیر اور ڈپٹی مئیر سے حلف لیا۔
تحصیل میونسپل کمیٹی میں ہونے والی حلف برادری کی تقریب میں گجرات کے میئر ناصر محمود اور ڈپٹی مئیر نے حلف اٹھایا۔
گجرانوالہ میں شیخ سرمد اکرام نے میئر اور سلمان خالد اور رانا مقصود نے ڈپٹی میئر کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
راولپنڈی میں ایڈمنسٹریٹر راول ٹاؤن نازیہ پروین نے مئیر سردار نسیم اور ڈپٹی مئیر چوہدری طارق سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب آرٹس کونسل میں ہوئی جس میں میئر اسلام آباد، ڈی سی او اور ڈی پی او راولپنڈی سمیت لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حلف اٹھانے والے میئر راولپنڈی سردار نسیم نے عوام کے اعتماد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
سردار نسیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ راولپنڈی کی ترقی کےلئے وہ ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔