آرمی چیف کے لیے نشانِ امتیاز ملٹری
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو نشانِ امتیاز ملٹری کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اعزازات دینے کی تقریب اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں ہوئی، جس میں صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف کے علاوہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزراء، اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد صدر ممنون حسین نے پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں جنرل زبیر محمود حیات اور جنرل قمر جاوید باوجوہ کو نشانِ امتیاز ملٹری نے نوازا۔
یاد رہے کہ 26 نومبر کو صدر ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی تجویز پر لیفٹننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا۔