کھیل

آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے کامران اور جنید نظرانداز

قومی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور: قومی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جہاں ڈومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے کامران اکمل کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے ٹیسٹ سیریز کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور انضمام الحق کی زیر سربراہی سلیکشن کمیٹی نے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

سلیکٹرز نے باہمی مشاورت کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کامران اکمل کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک روزہ سیریز کیلئے ٹیم کی منظوری دی۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ایک روزہ میچوں کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں اور ڈومیسٹک میچوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے اور یہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا حسین امتزاج ہے۔

کامران اکمل کے ساتھ ساتھ جنید خان کو بھی سیریز کیلئے منتخب نہیں کیا گیا جنہوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں 20 وکٹیں لے کر عمدہ فارم کا ثبوت دیا تھا۔

لیکن سیریز کیلئے سہیل خان اور یاسر شاہ کو ڈراپ کر کے محمد عرفان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور حیران کن طور پر حسن علی کے علاوہ اسکواڈ میں شامل پاکستان کے تمام فاسٹ اور اسپن باؤلر بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ 13 جنوری کو برسبین میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں دوسرے میچ کیلئے میلبرن پہنچیں گی۔

سیریز کا تیسرا ون ڈے پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا جس کے بعد آخری دونوں میچ 22 اور 26 جنوری کو بالترتیب سڈنی اور ایڈیلیڈ میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اظہر علی(کپتان)، سرفراز احمد، شرجیل خان، بابر اعظم، شعیب ملک، اسد شفیق، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد نواز، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی، محمد عرفان اور راحت علی۔