ایبٹ آباد: پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی پر نوجوان کا حملہ
ایبٹ آباد: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کو ان کے مخالف سیاسی گروپ کے رکن نے جسمانی زدو کوب کا نشانہ بنا ڈالا۔
اظہر جدون کو ’صحت انصاف کارڈز‘ کی تقسیم کی تقریب میں زدو کوب کا نشانہ بنایا گیا۔
نوجوان حملہ آور طالب علم زین الاسلام حملے کے وقت چلاتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ وہ اظہر جدون سے لیفٹیننٹ جنرل سلیم ایاز رانا کی توہین کرنے کا بدلہ لے رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سلیم ایاز رانا کو چند روز قبل قتل ہونے والے 3 افراد کے جنازہ میں لواحقین نے مبینہ طور پر زدو کوب کا نشانہ بنایا تھا۔
سلیم ایاز رانا کے حامیوں نے الزام لگایا کہ ان کے قائد پر مخالف ڈاکٹر اظہر جدون کی ایما پر حملہ کیا گیا۔
اگرچہ سلیم ایاز رانا اور اظہر جدون رشتہ دار ہیں لیکن وہ حال ہی میں ایک دوسرے کے سیاسی مخالف بن چکے ہیں۔
اظہر جدون پر حملہ کرنے والے زین الاسلام کو بھی پولیس کے حوالے کرنے سے قبل پی ٹی آئی کے کارکنان نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کینٹ قمر حیات نے ڈان کو بتایا کہ زین کے خلاف سیکشن 506 اور 511 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اظہر جدون نے جنازہ میں سیاسی مخالف پر حملے میں کسی بھی طرح کے کردار سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پرامن شخص ہیں اور کسی سے کوئی دشمنی نہیں رکھتے۔