' ہاتھ کی لکیروں سے ذہانت کا پتہ '
انسان فطرتاً جلد باز اور متجسس ہے، وقت سے پہلے آنے والے وقت کو جاننے کی کھوج انسان کو کبھی ستاروں کی چال دیکھنے پر مجبور کردیتی ہے, تو کبھی اپنے ہی ہاتھ کی ہتھیلی میں پڑی آڑھی ترچھی لکیروں کو پڑھوانے کا شوق کئی در کھٹکھٹانے پر مجبور کرتا ہے۔
کلفٹن میں واقع فن لینڈ اور عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے کچھ دور کی مسافت پر شری رتنیشور مہادیو مندر کے درمیان سڑک کے کنارے جھاڑیوں کے سامنے کاروں کی طویل قطار صبح 10 بجے سے ہی لگ جاتی اور پھر دیر رات تک اس سنسان سی جگہ لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے، یہ معمول کوئی نیا نہیں بلکہ گذشتہ 16 سال سے یونہی جاری و ساری ہے۔
2 کروڑ شہر کی آبادی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد 16 برس سے ڈیرہ جمائے 62 سالہ سراج بشیر کی تلاش میں یہاں پہنچتی ہے, جو ان افراد کی ہتھیلی میں ان کی شخصیت، کیرئیر، شادی، قسمت، اور ذہانت کو کھوجتے ہیں۔