اسرائیل ۔ فلسطین تنازع:جان کیری کی ’دو ریاستی نظریے‘ کی تجویز
واشنگٹن: امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور مستقبل کے فلسطین کو 1967 کی چھ روزہ جنگ سے قبل کی سرزمین پر مبنی دو ریاستوں کے مطابق رہنا چاہیے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق مشرق وسطیٰ کے امن عمل پر اہم تقریر کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ ’سرحدوں کے تعین کے لیے زمینوں کی ادل بدل ہوسکتی ہے، لیکن یہ صرف باہمی اتفاق سے ممکن ہے۔‘
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’یروشلم کو دونوں ریاستوں کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے اور وہ ممالک جو اسرائیل کو یہودی ریاست کے طور پر تسلیم نہیں کرتے انہیں اسے تسلیم کرنا چاہیے۔‘
دونوں ریاستوں کے امن کوششوں کو بحال کرنے کے حوالے سے امریکی سفارشات پیش کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ ’اب یہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں پر منحصر ہے کہ آیا وہ امن کے لیے آسان راستے کا انتخاب کرتے ہیں یا مشکل، لیکن ہم سب اس میں مدد کرسکتے ہیں۔‘