لائف اسٹائل

ریٹنگ کیلئے بیوقوفی کے کام نہیں کرتی، شائستہ

پاکستان کی مقبول مارننگ شو میزبان شائستہ لودھی بہت جلد ٹی وی پر واپسی اختیار کرنے جارہی ہیں۔

پاکستان کی مارننگ شو میزبان شائستہ لودھی بہت جلد ٹی وی پر واپسی اختیار کرنے جارہی ہیں، جن کے مطابق وہ اس بار سب کچھ اپنے حساب سے کرتی نظر آئیں گی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے شائستہ کا کہنا تھا کہ 'میں یہ نہیں کہوں گی کہ میں جو کرنے جارہی ہوں وہ بلکل نیا اور الگ ہے، کیوں کہ ظاہر ہے ہمیشہ ہر چیز نئی نہیں کی جاسکتی، خاص طور پر اگر آپ ایک ایسا شو کررہے ہوں جو ہفتے میں 5 مرتبہ پیش کیا جائے، ایسے موقع پر زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم شو کرکیسا رہے ہیں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ مارننگ شو میزبان کی شخصیت پر مبنی ہوتے ہیں'۔

شائستہ لودھی کے مطابق اگر کوئی چیز انہیں سب سے منفرد بناتی ہے تو وہ ہے اپنے شوز پر آنے والے مہمانوں کو عزت دینا۔

انہوں نے کہا کہ 'کئی لوگوں نے مجھ سے کہا کہ میرے شو میں آنے والی شخصیات خود کو کافی مطمئن محسوس کرتی ہیں، میں ان کے ذاتی معاملات میں دخل نہیں دیتی، جبکہ یہ عادت ہمارے یہاں کہ ٹاک شوز میں کافی عام ہے، میں صرف اتنی ہی بات کرتی ہوں جس میں سامنے والا شخص پرسکون ہو'۔

ویسے تو اب مارننگ شوز مواد اور سلوک کے حساب سے بےحد برے انداز میں تبدیل ہوچکے ہیں، تاہم شائستہ کو امید ہے کہ جلد یہ بہتری کی جانب تبدیل ہوجائے۔

شائستہ کے مطابق 'میں ریٹنگ کے لیے ہر بیوقوفی کا کام نہیں کرنا چاہتی، میں ایسا نہیں کرتی کے میرے سامنے کوئی بڑی شخصیت موجود ہو، اور میں ان سے کہوں کہ اس سیب کو 3 چاک میں ختم کردیں، مجھے امید ہے کہ میری یہ سوچ مارننگ شوز میں بہتری لائے گی'۔

شائستہ لودھی کا نیا شو صبح 9 بجے سے 11 بجے تک نشر کیا جائے گا، تاہم انہوں نے اپنے شو کے چینل کا نام نہیں بتایا، تاہم کہا کہ وہ اس چینل میں پہلے کام کرچکی ہیں، اور مداحوں کو جاننے کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔