سنگاپور کے کتب خانوں سے میں نے کیا سیکھا؟
سنگاپور کے کتب خانوں سے میں نے کیا سیکھا؟
سنگاپور اور اس کی بے انتہا صفائی، مؤثر طرزِ حکومت، شاندار کلیکشن سے آراستہ عجائب گھروں، بڑی بڑی عبادت گاہوں اور اس کی رنگارنگی ثقافت ظاہر کرتے چائنہ ٹاؤن اور لٹل انڈیا جیسے علاقوں کے نظاروں پر بے تحاشہ لکھا جا چکا ہے۔
1992 میں جب میں ایک سفرنامہ نگار کی حیثیت سے سنگاپور گیا تھا، تب بھی میں نے ڈان کے لیے اس حوالے سے لکھا تھا۔ مگر ہر جگہ کے بارے میں جاننے کے لیے کچھ نہ کچھ نیا ضرور ہوتا ہے، اسی طرح مجھے بھی حال ہی میں سنگاپور کے بارے میں کچھ نیا دیکھنے اور جاننے کو ملا۔
چند ماہ قبل میں اپنے تین سالہ زندہ دل پوتے پوتیوں سے ملنے سنگاپور آیا ہوا تھا۔
وہ کلیمنٹی میں رہتے ہیں جو کہ اس جزیرے کے مغربی کنارے پر واقع ہے اور اس شہر جتنی ریاست کے باقی علاقوں کی طرح ہی صاف ستھرا ہے۔
جس کمرے میں میرے قیام کا بندوبست ہے وہاں سے خوب نظارہ بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ کمرے سے میں زیر تعمیر فلک بوس عمارتوں کے اوپر تین کرینز کام کرتے ہوئے دیکھ سکتا ہوں۔
کلیمنٹی میں تقریباً تمام اونچی عمارتیں رہائشی ہیں۔ میرے میزبان کا اپارٹمنٹ 600 اپارٹمنٹ والی بلو ہورائزنز کونڈومینیمز نامی پانچ 20 منزلہ عمارتوں کی ایک چین کے چھٹے فلور پر موجود ہے۔
بہترین ڈیزائن اور مہارت کے ساتھ بنائی گئی ان عمارتوں کو مؤثر طریقے سے بحال رکھا جاتا ہے۔ وہاں سوئمنگ پولز بھی ہیں، جن میں سے ایک بڑوں کے لیے ہے اور دو مختلف عمروں کے بچوں کے لیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک باسکٹ بال کورٹ بھی موجود ہے۔
دیگر سہولیات کے ساتھ وہاں ریڈنگ روم بھی ہے، جو کہ رات کو 11 بجے تک کھلا رہتا ہے، جہاں رہائش پذیر افراد اخبارات پڑھتے ہیں اور اپنے لیپ ٹاپس پر کام کرتے ہیں۔
ان سہولیات میں سے مجھے جو سب سے کارآمد سہولت لگی وہ تھی وہاں کی شٹل سروس۔ آرامدہ کوچز آپ کو قریب واقع شاپنگ سینٹرز تک لے جاتی ہیں۔ ان میں سے ایک میں ماس ریپڈ ٹرانسپورٹ اسٹیشن واقع ہے۔
یہاں کے شورومز، دکانیں اور ریسٹورینٹس باقی دنیا میں نظر آنی والی ایسی جگہوں سے کچھ مختلف نہیں ہیں۔ مگر جو چیز سب سے زیادہ متاثر کن ہے وہ ہے یہاں کے عوامی کتب خانے۔
میں دنیا کے مختلف حصوں میں موجود کئی عوامی کتب خانے دیکھ چکا ہوں مگر جو ایک چیز کلیمنٹی میں نظر آئی وہ یہ تھی کہ میں نے اس سے پہلے کبھی اس قدررنگین اور کشادہ کتب خانے نہیں دیکھے۔ حتیٰ کہ یہاں روشنی کے انتظامات بھی ایسے ہیں جو زیادہ روشن اور پڑھائی کا ماحول برقرار رکھنے میں کافی کارآمد ہیں۔