پاکستان

پاکستان دہشت گرد نہیں محفوظ ملک ہے،چینی شہری

پولیس کی جانب سے چوری ہونے والے 5 لاکھ روپے 24 گھنٹوں کے اندر ڈھونڈ نکالنے پر چینی شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

چینی چیمبر آف کامرس کے صدر اور نائب صدر نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گرد ملک نہیں۔

لاہور پولیس کی جانب سے چوری ہونے والے 5 لاکھ روپے 24 گھنٹے میں ڈھونڈ نکالنے پر چینی حکام نے خوشی کا اظہار کیا۔

چینی شہری رابن نے لاہور پولیس کی اس برق رفتاری پر مسرت کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو پاکستان میں محفوظ تصور کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چینی شہری کی گاڑی کے قریب دھماکا

واضح رہے کہ ایک روزقبل چینی حکام کے گھر سے 5 لاکھ روپے چوری ہوگئے تھے جنہیں لاہور پولیس نے 24 گھنٹے میں برآمد کرلیا تھا۔

چینی شہریوں کی جانب سے اس بروقت کارروائی پر ڈیفنس پولیس اسٹیشن کی اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ پولیس(اے ایس پی) انوش مسعود کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

اے ایس پی انوش مسعود کا ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چینی شہریوں کے گھر میں پیش آنے والی چوری کی واردات کے بعد ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی جس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ہم نے مسروقہ رقم برآمد کرلی۔

مزید پڑھیں: اے ٹی ایم سے ڈیٹا چرانے والا چینی شہری گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چوری میں ملوث افراد کو ٹریس کیا اور تکنیکی انداز میں تحقیقات کرتے ہوئے چوری میں ملوث افراد تک پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق چینی شہریوں کے گھر ہونے والی چوری کی اس واردات میں مقامی ملازم ملوث تھے جنہیں حراست میں لیا جاچکا ہے، مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔