بے نظیر کی برسی، بلاول اور زرداری 3 سال بعد ایک ساتھ شریک
لاڑکانہ/کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی چیئرپرسن اور سابقہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 9 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش میں ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے رہنماؤں اور کارکنان کی آمد کا سلسلہ دو روز قبل ہی شروع ہو گیا تھا ، جب کہ گزشتہ 3 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ بے نظیر بھٹو کے شوہر اور ان کے بیٹے ایک ساتھ جلسے میں شرکت کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری 2013 میں آخری بار ایک ساتھ بے نظیر بھٹو کی برسی میں شریک ہوئے تھے،2014 میں بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کی برسی کی تقریبات میں شرکت نہیں کی تھی، جبکہ 2015 میں آصف زرداری برسی کی تقریبات میں شریک نہیں تھے۔
2014 میں بلاول بھٹو کی شرکت نہ کرنے سے متعلق پی پی پی کی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ *بلاول بھٹو زرداری سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے * اپنی والدہ کی ساتویں برسی میں شرکت نہیں کرسکے جبکہ یہ اطلاعات بھی تھیں کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری سے مبینہ طور پراختلافات کے باعث برسی کی تقریبات میں شریک نہیں ہوئے۔