کھیل

عرفان پٹھان کے بیٹے کا نام 'عمران خان پٹھان'

ہندوستانی آل راؤنڈر نے ٹویٹر میں اپنے بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا تھا اور اب نام کا بھی اعلان کردیا۔

ہندوستانی کرکٹر عرفان پٹھان گزشتہ ہفتے باپ بن گئے تھےانھوں نے اپنے بیٹے کا نام عمران خان پٹھان رکھ لیا ہے۔

عرفان پٹھان نے ٹویٹر پر اپنے بیٹے کی انگلی پکڑے تصویر کے ساتھ نام کا اعلان کرتے ہوئے تحریر کیا کہ 'یہ نام ہمارے دلوں اور خاندان کے قریب ہے، نام عمران ہے'۔

عرفان نے 20 دسمبر کو اپنے ایک ٹویٹ میں بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'اس احساس کو بیان کرنا مشکل ہے، اس میں ایک بہترین کشش ہے، مجھے بچے سے نوازا گیا ہے'۔

عرفان پٹھان نے فروری 2016 میں جدہ سے تعلق رکھنے والی ماڈل صفا بیگ سے شادی کی تھی اور ان کی شادی کی تقریب مکہ میں منعقد ہوئی تھی۔

بڑے بھائی یوسف پٹھان نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہم خوش ہیں اوراپنے خاندان میں ایک نئے پٹھان کو خوش آمدید کہتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آیان اور ریان اپنے چھوٹے بھائی کے لیے خوش ہیں'۔

عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان نے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کی اور کئی کامیابیاں دلائیں۔

32 سالہ عرفان پٹھان نے فاسٹ باؤلر کی حیثیت 12 دسمبر 2003 کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا جبکہ 9 جون 2004 کو آسٹریلیا کے ہی خلاف ایک روزہ کرکٹ کا آغاز کیا۔

انھوں نے اب تک ہندوستان کی جانب سے 29 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جبکہ ایک سنچری اور 6 نصف سنچریوں کی بدولت 1105 رنز اور 100 وکٹیں حاصل کی ہیں اسی طرح 120 ایک روزہ میچوں میں 1544 رنز کے علاوہ 173 وکٹیں حاصل کیں۔

عرفان پٹھان نے 24 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی جہاں انھوں نے 28 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ ابتدائی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ہندوستان ٹیم کا بھی حصہ تھے۔