پاکستان

’کبھی بھی انور مجید کے ساتھ تعلقات سے انکار نہیں کیا‘

انور مجید کے ساتھ کیا اور کیوں ہوا، وزیرداخلہ سے پوچھاجائے، معاملہ عدالت میں ہےاس لیے بات نہیں کی جاسکتی،سابق صدر
|

کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اعتراف کیا کہ ان کے انور مجید کے ساتھ تعلقات ہیں، مگر انور مجید کے ساتھ کیوں اور کس وقت کیا ہوا، اس متعلق وزیر داخلہ سے پوچھا جائے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انور مجید کا معاملہ عدالت میں ہے اس لیے بات نہیں کی جاسکتی، انہیں عدالتوں پر یقین ہے۔

ان کے مطابق انہوں نے کبھی بھی انور مجید کے ساتھ تعلقات سے انکار نہیں کیا۔

انور مجید کے خلاف مقدمہ درج

23 دسمبر کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لیے جانے والے انور مجید کے خلاف صدر پولیس اسٹیشن میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 7 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ آصف زرداری کے وطن آنے سے چند گھنٹے قبل ہی رینجرز نے کارروائی کرکے کچھ اہم گرفتاریاں کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا تھا کہ ان چھاپوں پر سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

ڈاکٹر عاصم سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کے خاندان نے نہ صرف پاکستان کا تصور دیا بلکہ ان کے خاندان نے ملک بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا، ان کے نانا اس زمانے میں کالج کے پرنسپل تھے جب یہاں چند لوگ پڑھے لکھے تھے۔

آصف علی زرداری نے بتایا کہ وہ ملک سے باہر ضرور تھے مگر ان کا ڈاکٹر عاصم کے معاملے پر وکلاء اور دیگر لوگوں کے ساتھ رابطہ تھا، امید ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو انصاف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری کی 18 ماہ بعد وطن واپسی

انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آئینی طور پر الیکشن کی تاریخ مقرر ہے، مگر نہ جانے کیوں لوگ وقت سے پہلے انتخابات چاہتے ہیں۔

وفاق میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دیئے گئے، 4 مطالبات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے مختصر جواب دیا کہ مطالبات پر 27 دسمبر کو بات کی جائے گی۔

آصف زرداری نے ایک سوال پر بتایا کہ ان کا علاج امریکا اور برطانیہ کے ڈاکٹرز کی زیرنگرانی ہو رہا ہے، جس کافالو اپ دبئی کے ڈاکٹرز لیتے ہیں، وہ برطانوی و امریکی ڈاکٹرز کی ہدایات پر سفر کرتے ہیں۔

اس سے قبل آصف علی زرداری نے قائد اعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری کے بعد دعا کی،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج قائد اعظم سے عہدِ وفا کا دن ہے اور وہ عہد کرتے ہیں کہ قائد کے خواب کو پورا کریں گے۔

ڈاکٹر عاصم سے ملاقات

بعد ازاں آصف علی زرداری قومی ادارہ برائے امراض قلب بھی گئے، جہاں انہوں نے ڈاکٹر عاصم کی عیادت کی، انہوں نے ڈاکٹر عاصم سے خیریت دریافت کی اور پھول پیش کیے۔

آصف زرداری کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پی پی رہنما فاروق ایچ نائیک اور دیگر افراد موجود تھے۔

خیال رہے کہ آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کو سندھ رینجرز نے 26 اگست 2015 کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر سے گرفتار کیا تھا۔

ڈاکٹر عاصم پر کرپشن اور دہشت گردوں کی امداد کا الزام تھا، جس کے لیے ڈاکٹر عاصم کئی ماہ تک جیل میں رہے۔

بعد ازاں ضمانت پر جیل سےرہا ہونے کے بعد انہیں قومی احتساب بیورو( نیب)نےتحویل میں لے لیا تھا، اب بھی وہ نیب کی تحویل میں ہیں، مگر انہیں دل کے عارضے کے باعث علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

اآصف علی زرداری نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر فاتحہ کی—فوٹو: ڈان نیوز

آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عاصم کی عیادت کے بعد درگاہ عبداللہ شاہ غازی پر بھی حاضری دی، ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام ساتھ تھے۔

خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری 18 ماہ بعد رواں ماہ 23 دسمبر کو وطن لوٹے تھے،پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ایئرپورٹ پر آصف علی زرداری کا استقبال کیا تھا۔

آصف علی زرداری کی سیاسی سرگرمیاں تیز

آصف علی زرداری نے ملک آتے ہی سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع ان کی جانب سے کیے جانے والے خطاب میں ممکنہ طور پر مستقبل کی گائیڈ لائن دیئے جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری کی وطن واپسی خوش آئند: مصدق ملک

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کو ملک بھر میں سرگرم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے لیے وہ جلد بلاول بھٹو کے ساتھ مشترکہ طور پر پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سیاست کو بھی دیکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب اور خصوصی طور پر لاہور کی سیاست کو گرمائیں جب کہ انہیں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کا سیاسی محاذ بھی گرمانے کے لیے میدان میں اتارا جائے گا۔

بلاول بھٹو کا چرچ کا دورہ

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکرسمس کی مناسبت سے کراچی میں صدر کے چرچ کا دورہ کیا، اور کرسمس کی تقریب میں شرکت کی ۔

پی پی چیئرمین نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئے اورمسیحی برادری سے یک جہتی کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو کے ہمراہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور پارٹی کے دیگر سینیئر رہنما بھی ساتھ تھے۔

بلاول بھٹو نے کرسمس کے دن کومسیحی برادری کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔