کھیل

ہاکی ورلڈکپ 2018 میں 16 ٹیمیں شامل ہوں گی

پاکستانی ٹیم اپنی بدترین کارکردگی کے باعث ہاکی ورلڈ کپ 2014 میں شرکت نہیں کرسکی تھی تاہم اب شرکت کے امکانات روشن ہیں۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے ایگزیکٹیو بورڈ نے ورلڈ کپ 2018 میں 16 ٹیموں کی شرکت اور تمام بین الاقوامی میچوں میں 15 منٹ کے چار کوارٹرز متعارف کروانے کی منظوری دے دی۔

ایف آئی ایچ کے اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹیو بورڈ نے گزشتہ ماہ دبئی میں ہاکی ریولوشن پارٹ 2 کانفرنس میں ان دو بنیادی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا تھا جس کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔

ایف آئی ایچ کی کمپیٹیشن کمیٹی کی سفارش پر کی جانے والی تبدیلیوں کے بعد اب 2018 ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ کا فاتح کوارٹر فائنل تک رسائی کرے گا اور گروپ میں آخری نمبر پر رہ جانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگی۔

اس دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ورلڈ کپ 2022 میں بھی 16 ٹیمیں شامل ہوں گی اور ایونٹ کو 16 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس قانون کے آنے کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کو کوالیفائنگ مرحلے میں نہیں جانا پڑے گا جبکہ قومی ٹیم اپنی بدترین کارکردگی کے باعث گزشتہ ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم ہوگئی تھی۔

قبل ازیں ہاکی ورلڈ کپ میں 12 ٹیمیں شرکت کرتی تھیں۔

ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بین الاقوامی میچوں میں 15 منٹ کے 4 کوارٹرز ہوں گے جس کا اطلاق یکم جنوری 2017 سے ہوگا۔