اسرائیل فلسطین میں بستیوں کی تعمیر بند کرے: اقوام متحدہ
نیو یارک: اقوام متحدہ(یواین)کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کی زمین پر بستیوں کی تعمیر کے خلاف قرارداد منظور کرلی، جس میں اسرائیل سے بستیوں کی تعمیر ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس قرارداد کی منظوری میں امریکا نے حصہ نہیں لیا۔
سلامتی کونسل میں قرارداد کو پیش کیے جانے کے وقت عالمی سفارتکار اوباما انتظامیہ کی جانب سے خوف زدہ تھے مگر امریکا نے ووٹنگ سے پرہیز کرتے ہوئے قرارداد کو منظور کرنی کی اجازت دی۔
قرارداد کے لیے 14 ممبر ممالک نے ووٹ دیے جب کہ قرارداد کو تالیاں بجاکر منظورکیا گیا۔
خیال رہے کہ سلامتی کونسل کی جانب سے گزشتہ 8 سال کے بعد فلطسینیوں اور اسرائیل سے متعلق کوئی قرارداد پاس کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ: ٹرمپ کی مداخلت سےاسرائیل مخالف قرارداد ملتوی
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے قرارداد کی منظوری کے بعد لکھا کہ امریکا نے اسرائیل کو پیش کی جانے والی اپنی روایتی سفارتی خدمات کے اصولوں کو توڑتے ہوئے اس بار ویٹو کا حق استعمال نہیں کیا اور نہ ہی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کا دباؤ برداشت کیا۔
اسرائیلی بستیوں کے خلاف منظور کی جانے والی قرارداد سلامتی کونسل کے ممبران نیوزی لینڈ، ملائیشیا، وینزویلا اور سینیگیال کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
اس سے قبل مصر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد اسرائیلی اور امریکی دباؤ پر واپس لی گئی تھی،اسرائیلی حکومت اور ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتظامیہ پر قرارداد کو ویٹو کرنے کے لیے زور دیا تھا۔