دہشت گردی کے پیش نظر میلبرن میں سیکیورٹی سخت
میلبرن میں دہشت گردیکی منصوبہ بندی کے الزام میں سات افراد کی گرفتاری کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کردیا ہے۔
گرفتار افراد کرسمس کے دن سینٹ پال کیتھیڈرل اور فیڈریشن اسکوائر کے اطرا میں واقع میلبرن کے فلنڈر اسٹریٹ ٹرین اسٹین پر حملے کی منصوبے بندی کررہے تھے۔
پولیس کے چیف کمشنر گراہم ایشٹن نے کہا کہ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور اہم مواقعوں پر اضافی پولیس تعینات کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ اور کرسمس سمیت کئی اہم ایونٹس منعقد ہوں گے اور اسی لیے ہم اضافی احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا مقامی پولیس کے ساتھ مل کر مناسب سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی ٹیم باکسنگ ڈے ٹیسٹ اور دیگر کرکٹ میچوں کیلئے مناسب انتظامات کیلئے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔
2015 کے اختتام پر سیکیورٹی انتظامات کے تحت میلبرن کرکٹ گراؤنڈ اسٹیڈیم سے 65 سے 80فٹ دور ایک باڑ لگائی گئی تاکہ شائقین گراؤنڈ میں داخلے سے قبل سیکیورٹی کے حصار سے گزر سکیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا جہاں پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے 39 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔