منڈی ایکسپریس: سبزی، پھل، گوشت آن لائن دستیاب
منڈی ایکسپریس آن لائن اسٹور ہے جس کے ذریعے آپ کھانے کی تازہ اشیاء گھر پر منگوا سکتے ہیں۔
پاکستانی نوجوانوں کی طرح میرا اتنا زیادہ وقت کمپیوٹر اسکرین کے سامنے کام کرتے یا پڑھتے ہوئے گزرتا ہے کہ مجھے بازار میں دکانوں پر جا کر بھاؤ تاؤ کرکے معیاری پھل و سبزیاں خریدنے کا ہنر نہیں آتا۔
کم قیمت میں معیاری چیز خریدنا میرے لیے ہمیشہ سے ایک مشکل کام رہا ہے۔ اور یہیں پر مجھے منڈی ایکسپریس پرکشش محسوس ہوئی۔
جہانزیب چوہدری اور دانیال بلخی کی قائم کردہ یہ ویب سائٹ گھر بیٹھے تازہ اشیاء خریدنے کے لیے کارآمد ہے۔ ویب سائٹ کے پیچھے بنیادی خیال یہ ہے کہ آڑھتیوں اور ایجنٹوں کو ختم کرتے ہوئے چھوٹے کاشتکاروں کو براہِ راست صارفین سے منسلک کر دیا جائے، تاکہ کاشتکاروں کے منافع میں اضافہ ہو اور صارفین کے لیے سہولت پیدا ہو۔
استعمال میں آسان ویب سائٹ
ویب سائٹ کا ڈیزائن پرکشش اور جدید ہے جبکہ اس کے احتیاط سے چنے گئے رنگ آنکھوں کو بہت بھلے محسوس ہوتے ہیں۔