روسی طیارے کی کریش لینڈنگ، 32 فوجی زخمی
ماسکو: روسی فوجیوں کو لے جانے والے طیارے نے سائیبریا کے شمال مشرقی علاقے میں کریش لینڈنگ کی، تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارتِ دفاع نے طیارے کی کریش لینڈنگ کی تصدیق کردی۔
مقامی رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار مسافروں میں سے 32 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے 16 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق الیوشن 18 نامی روسی طیارے میں عملے کے7 ارکان اور 32 روسی فوجی سوار تھے۔
طیارے نے سائیبریا کے مشرقی علاقے ساکھا کے ایک شہر کے قریب کریش لینڈنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: روس کا مسافر طیارہ مصر میں گر کر تباہ
روس کے وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق طیارے کی اس کریش لینڈنگ کے نتیجے میں کوئی ہلاکتیں نہیں ہوئیں تاہم 16 فوجی شدید زخمی ہوئے، جنھیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ابتدائی معلومات میں یہ بھی سامنے نہیں آسکا کہ طیارہ روسی فوج کا تھا یا روسی فوجی صرف اس میں سفر کررہے تھے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوجی تفتیش کاروں کی ٹیم جائے حادثہ کے لیے روانہ کردی گئی۔
مقامی حکومت کا خیال ہے کہ خراب موسم اور تیز چلنے والی ہوائیں طیارے کی کریش لینڈنگ کا سبب بنیں۔