کھیل

امریکی چیمپیئن باکسر کو ہنگامہ آرائی پر جیل

سپر لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپیئن ٹیرنس کرافورڈ کو ایک گاڑیوں کی ورکشاپ میں ہنگامہ آرائی کرنے پر 90 دن کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔

ناقابل شکست امریکی باکسر اور سپر لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپیئن ٹیرنس کرافورڈ کو ایک گاڑیوں کی ورکشاپ میں ہنگامہ آرائی کرنے پر 90 دن کیلئے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

جج مرسینا ہینڈرکس نے ٹیرنس کرافورڈ کو متنبہ کیا کہ وہ قانون سے بالاتر نہیں اور 29 سالہ چیمپیئن باکسر کو دو سال پروبیشن اور 120گھنٹے کمیونٹی سروس میں گزارنے کا حکم دیا۔

اس کے ساتھ ساتھ ان کا الکہل اور منشیات کا ٹیسٹ بھی ہو گا اور دکان کے مالک کو ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر چھ ہزار ڈالر بھی ادا کریں گے۔

یہ واقعہ اپریل میں پیش آیا تھا جب نبراسکا میں ان کی 1984 کی شیورالے گاڑی پر رنگ کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران انہوں نے ہنگامہ آرائی کی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔

اس کام کے عوض باکسر کو ڈھائی ہزار ڈالر ادا کرنے تھے لیکن انہوں نے کام کو ناقص قرار دیتے ہوئے آدھی بقیہ رقم کی ادائیگی سے انکار کردیا تھا۔

14 اپریل کو کرافورڈ اپنے دوستوں کے ساتھ ورکشاپ گئے تھے اور زبردستی گاڑی وہاں سے لے گئے تھے جس سے 3300ڈالر مالیت کی ہائیڈرالک لفٹ کو بہت نقصان پہنچا تھا۔

جج نے باکسر سے کہا کہ آپ مستقل ایسے برتاؤ کر رہے ہیں جیسے آپ قانون سے بالاتر ہیں لیکن آپ قانون سے بالاتر نہیں۔

یاد رہے کہ کرافورڈ کو ایک ایسے موقع پر سزا سنائی گئی ہے جب پانچ دن قبل ہی انہوں نے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے اوماہا میں جان مولینا کو ناک آؤٹ کردیا تھا۔

اس فتح کے بعد امریکی باکسر اب تک 30فائٹس کے بعد ناقابل شکست ہیں۔