اوسلو: ناروے کے حسن و نفاست کا عکاس
ناروے کا حسن اس شہر کے ماحول میں جھلکتا ہے۔ شخصی آزادی، مساوات، سماجی نظام اور قانون کی بالادستی اوسلو شہر کی شان ہے.
اوسلو، یورپ کا وہ پہلا شہر تھا جہاں سے میرے یورپ کے سفر کا آغاز ہوا، لیکن منیر نیازی کی نظم کی طرح
یہی اصل حقیقت ہے
کہ میری بے رخی چاہت
ہوئی مثل قفس مجھ کو،
مجھے تم سے محبت ہے
بس اتنی بات کہنے میں
لگے بارہ برس مجھ کو
بالکل ایسے ہی محبت کا یہ اظہار بھی سات سال لے گیا. ان سات سالوں میں درجنوں بار اوسلو کو دیکھنے کا موقع ملا. میرے بڑے بھائی اوسلو کے نواح میں میڈیکل ڈاکٹر ہیں، اس لیے یہاں آمد کے لیے کسی خاص بہانے کی ضرورت نہیں پڑتی. ان کو ناروے میں آئے چودہ پندرہ برس بیت چکے ہیں۔