حلب میں حکومتی فورسز کی بمباری، محصورین کا انخلاء موخر
باغیوں اورفورسز کے درمیان معاہدہ ہواتھاکہ مختلف علاقوں میں پھنسےلوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔
بیروت: شامی فوج کی بمباری کی وجہ سے حلب میں باغیوں کے زیر اثر علاقوں سے عام شہریوں اور ہیتھیار پھینکنے والے باغیوں کا انخلاء موخر ہوگیا۔
گزشتہ روز باغیوں اور شامی فورسز کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا تاکہ مختلف علاقوں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا وقت مل سکے۔
محصورین کا انخلاء بدھ کو صبح شروع ہونا تھا تاہم شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحمٰن نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حکومتی فورسز نے باغیوں کے زیر اثر علاقوں میں دوبارہ بمباری شروع کردی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومتی افواج نے کم سے کم 14 شیل فائر کیے اور ان علاقوں میں بھی بمباری سنی گئی جو باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان فرنٹ لائن کی حیثیت رکھتے ہیں۔