پاکستان

شیخوپورہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، '4 دہشت گرد ہلاک'

پولیس کو معلومات ملیں تھی کہ کالعدم تنظیم کے 7 سے 8 'دہشت گرد' حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ضلع شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انھیں معلومات ملیں تھی کہ مبینہ طور پر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان پاکستان کے 7 سے 8 دہشت گرد ضلع شیخوپورہ میں ایک آئل ڈپو پر موجود ہیں اور وہ حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

ان معلومات پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے شیخوپورہ میں مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا اور دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 'دہشت گرد' ہلاک

ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کو دیکھ کر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس پر اہلکاروں نے خود کے بچاؤں میں جوابی فائرنگ کی۔

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا کہ دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ تھما تو وہاں 4 دہشت گردوں کی لاشیں پڑی تھیں، جنھیں ان کے مبینہ ساتھیوں نے ہلاک کیا تھا۔

پولیس کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران 3 سے 4 دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلو دھماکا خیز مواد، 2 کلاشن کوف، 2 پسٹل، متعدد گولیاں اور 2 موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ: سی ٹی ڈی سے 'مقابلے' میں 9 'دہشت گرد' ہلاک

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

اس سے قبل بھی پنجاب پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی نے متعدد مرتبہ یہ دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 'دہشت گردوں' کا پیچھا کیا تھا تاہم وہ اپنے ہی متعدد ساتھیوں کو ہلاک کرکے فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنا پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔