لائف اسٹائل

طویل زندگی کا راز معمر ترین افراد کی زبانی

اس وقت دنیا میں 110 سال سے زائد عمر کے 46 افراد موجود ہیں، جن میں اٹلی کی ایما مورانو سب سے معمر ہیں۔

دنیا کی معمر ترین خاتون ایما مورانو نے گزشتہ ماہ اپنی 117 ویں سالگرہ منائی۔

دنیا کے معمر ترین افراد کا ریکارڈ رکھنے والے گیرونٹولوجی ریسرچ گروپ کا دعویٰ ہے کہ اس وقت دنیا میں 110 سال سے زائد عمر کے 46 افراد موجود ہیں۔

اگرچہ دنیا کے معمر ترین افراد کی اکثریت جاپان کی رہائشی ہے مگر ایسے افراد دنیا بھر میں موجود ہیں۔

تو ایسے ہی دنیا کے 5 معمر ترین لوگوں کے بارے میں جانیں جو اپنی طویل زندگی کا راز بیان کرتے ہیں۔

ایڈلے ڈیونلیپ (114 سال)

ایڈلے امریکا میں رہائش پذیر معمر ترین خاتون ہیں جبکہ دنیا کے معمر ترین افراد کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر ہیں، ان کی پیدائش 12 دسمبر 1902 کو ہوئی اور وہ ابھی نیوجرسی میں رہائش پذیر ہیں۔

ان کے بیٹے ایرل کے مطابق 'میری ماں کا طرز زندگی صحت مند نہیں، وہ جاگنگ یا کسی قسم کی جسمانی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیتیں، بلکہ ماضی میں تمباکو نوشی بھی کرتی تھیں مگر جب میرے والد کو پہلی دفعہ ہارٹ اٹیک ہوا تو انھوں نے اس عادت کو ترک کردیا، وہ جو دل کرتا ہے کھاتی ہیں'۔

تاہم یہ خاتون اپنی طویل زندگی کا راز ایک غذا کو قرار دیتی ہیں جو کہ 'جو کا دلیہ' ہے۔

اینا ماریا ویلا ریوبیو (115 سال)

30 اکتوبر 1901 کو پیدا ہونے والی اینا ماریا اسپین کی معمر ترین شخصیت ہیں، ان کے چار بچے ہیں۔

ان کی بیٹی کے مطابق اینا ماریا کی طویل زندگی کا راز ان کا زندگی کے بارے میں مثبت رویہ اور دیگر افراد سے ہمدردی رکھنا ہے۔

نبی تجیمہ (116 سال)

4 اگست 1900 کو پیدا ہونے والی نبی تجیمہ جاپان کی تصدیق شدہ معمر ترین شخصیت ہیں جن کے 9 بچے ہیں مگر ان کے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں اور ان کے بھی بچوں کی کل تعداد 140 ہے۔

انہوں نے اپنی طویل زندگی کا راز مزیدار غذاﺅں کا استعمال قرار دیا تھا جن میں نوڈلز اور بیف اسٹو قابل ذکر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھی غذا اور نیند کو عادت بنالینے سے آپ طویل عرصے تک زندہ رہتے ہیں، جبکہ آپ کو پرسکون رہنا بھی سیکھنا ہوگا۔

ویولیٹ براﺅن (116 سال)

نبی تجیمہ سے محض 5 ماہ بڑی ویولیٹ جمیکا کی معمر ترین شخصیت ہیں جو 10 مارچ 1900 کو پیدا ہوئیں۔

ان کے بیٹے ہیرولڈ براﺅن کے مطابق ویولیٹ کم غذا کا استعمال کرتی ہیں جس میں چکن کبھی شامل نہیں ہوتا بلکہ وہ مچھلی اور مٹن کو پسند کرتی ہیں جبکہ گائے کے پائے بھی ان کی مرغوب غذا ہے، اسی طرح شکر قندی، چقندر، مالٹے اور آم بھی انہیں پسند ہیں۔

ایما مورانو (117 سال)

ایما مورانو کو اس وقت دنیا کی معمر ترین شخصیت قرار دیا جارہا ہے، جو کہ ممکنہ طور پر 1800 کی صدی میں پیدا ہونے والی اور اس وقت حیات واحد شخصیت بھی ہیں (دیگر افراد بھی ایسا دعویٰ کرتے ہیں مگر تصدیق ممکن نہیں)۔

ان کی پیدائش نومبر 1899 میں اٹلی میں ہوئی تھی اور ان کے بقول تنہا زندگی گزارنا اور روزانہ دو کچے انڈوں کا استعمال ان کی طویل زندگی کا راز ہے۔