سکھر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او ہلاک
صوبہ سندھ کے ضلع سکھر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی نفری کچے کے علاقے میں معمول کی گشت پر تھی جب وہاں موجود ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کردی۔
یہ واقعہ لنک روڈ کے قریب پیش آیا اور فائرنگ کے تبادلے میں بگارجی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سید سبحان شاہ شدید زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او سبحان شاہ کو فوری طور پر سول ہسپتال سکھر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو تحقیقات کے لیے حراست میں بھی لے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ
سکھر کے ایس ایس پی امجد علی شیخ نے مقامی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس کو حملے میں ملوث گروہ کا سراغ مل گیا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران 13 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس ستمبر کے مہینے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں لاڑکانہ اور سکھر کے کچے کے علاقے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ٓئی جی سندھ اس حوالے سے فیصلے کریں گے۔