پاکستان

ٹیکسلا میں 'جعلی' ہربل ادویات بنانے والی فیکٹری سیل

ہربل فیکڑی پر چھاپا مارا کر تیار ادویات اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا، فیکٹری کو ڈراپ ایکٹ 2012 کے تحت سیل کردیا گیا

پنجاب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ٹیکسلا کے ایک مکان پر چھاپا مارا کر مبینہ طور پر جعلی ہربل ادویات بنانے والی فیکٹری کو سیل کردیا۔

ڈرگ انسپکٹر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ٹیکسلا میں محفوظ دوا خانہ اور اس کیلئے ادویات تیار کرنے والی ہربل فیکٹری پر چھاپا مارا کر تیار ادویات اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا جبکہ فیکٹری کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈراپ) ایکٹ 2012 کے تحت سیل کردیا گیا۔

غیر قانونی اور مبینہ طور پر مضر صحت ہربل ادویات بنانے کے الزام میں مکان مالک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ یہاں سے ملنے والی ادویات کو تجزیے کیلئے ڈی ٹی ایل لاہور بھیج دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مقدمے کیلئے ڈی سی او کی منظوری کے بعد ٹیکسلا تھانے کے ایس ایچ او کو درخواست بھی دے دی گئی۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ روز میں پنجاب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جعلی ادویات، جن میں ہومیوپیتھک, ایلوپیتھک اور ہربل ادویات شامل ہیں، بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے واہ کینٹ میں ایک اور راولپنڈی میں 3 جعلی ادویات بنانی والی فیکٹری کے خلاف کارروائی کی اور انھیں سیل کردیا گیا۔

ٹیکسلا میں سیل کی گئی ہربل ادویات بنانے والی فیکٹری کی تصاویر نیچے ملاحضہ کریں (تصاویر بشکریہ حسیب بھٹی)۔